وزیراعلیٰ پختونخوا کے معاون خصوصی کے وارنٹ گرفتاری جاری

394

اسلام آباد: مارگلہ کی پہاڑیوں پر قدرتی حسن تباہ کرنے کے مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں اور وفاقی پولیس کو حکم دیاگیاہے کہ انہیں 11 جنوری تک گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیاجائے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق سینئر اسپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے سردار آصف نے ملزم بیرسٹر محمد علی سیف کی عدالت میں زیرسماعت مقدمے میں مسلسل عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

عدالت نے بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو ارسال کرکے اسلام آباد پولیس کو بیرسٹر محمد علی سیف کو 11 جنوری کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیاہے۔

بیرسٹر محمد علی سیف کے خلاف مارگلہ کی پہاڑیوں پر توڑ پھوڑ کرکے قدرتی حسن تباہ کرنے پر 2018ء سے مقدمہ زیر سماعت ہے۔بیرسٹر محمد علی سیف کے خلاف لینڈ اسکیپ آرڈیننس اور انوائرمنٹل ریگولیشن 2008ء اور ایم ایل آر 82 کے تحت مقدمہ درج ہے۔