ایمازون کا 18 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان

632

 نیو یارک:امریکی ملٹی نیشنل کمپنی ایمازون نے اٹھارہ ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی  حکام کا کہنا تھا کہ وہ اس فیصلے کے اثرات سے واقف ہے لیکن غیر یقینی معیشت کی وجہ سے یہ فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے، کمپنی کے مطابق عالمی وبا کے دوران کافی بڑے پیمانے پر لوگوں کو ملازمت پر رکھ لیا گیا تھا۔

ایمازون کے سی ای او نے کمپنی ملازمین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ فارغ کرنے کی وجہ سے لوگوں کو پیش آنے والی پریشانیوں اور مشکلات سے کمپنی اچھی طرح واقف ہے اور اس کیلئے کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس فیصلے سے متاثر ہوں گے ان کی مدد کے لیے مختلف طریقوں پر غور کر رہے ہیں، انہیں اچھا پیکج فراہم کریں گے جس میں خصوصی ادائیگی، عبوری ہیلتھ انشورنس کے فوائد اور دیگر کمپنی میں ملازمت کے حصول میں تعاون وغیرہ شامل ہیں۔ ملازمین کو فارغ کرنے کے فیصلے کا اطلاق 18جنوری سے ہوگا،اس سے پہلے کمپنی نے نومبر میں دس ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا تھا۔