بینکوں میں ایل سیز کھولنے سے ہم ٹیکنیکل ڈیفالٹ میں داخل ہو چکے ہیں، شبر زیدی

628
default

 کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سابق چیئرمین شبر زیدی نے کہاہے کہ بینکوں کو صرف مخصوص ایل سیز کھولنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔ مخصوص ایل سیز کھولنے کا مطلب ہے کہ ہم ٹیکنیکل ڈیفالٹ میں داخل ہو چکے ہیں۔

سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہاکہ جو باتیں آج کی جا رہی ہیں یہ میں نے دسمبر 2021 میں کہی تھیں۔ میں نے اس وقت ہی کہا تھا کہ پاکستان دیوالیہ کی طرف جا رہا ہے۔ اس وقت کوئی بھی ایسی سمت نہیں تھی جس سے معیشت کو درست کیا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے آتے ہی معیشت کی سمت اور بھی کھو چکی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور شوکت ترین میرے حساب سے غلط گفتگو کر رہے ہیں۔ پاکستان کے پاس پے منٹ کرنے کے کوئی پیسے نہیں ہیں اور اب ہمارے پاس آئی ایم ایف کی تمام شرطیں ماننے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس ڈیفالٹ دو قسم کا ہوتا ہے ایک یہ ہوتا ہے کہ ریاست اپنے قرضے نہیں دے سکتی اور دوسرا ڈیفالٹ وہ ہوتا ہے جس میں ریاست امپورٹرز کو ڈالر نہیں دے سکتی۔ قانون کے مطابق امپورٹ کے لیے امپورٹرز کو ڈالر فراہم کیے جاتے ہیں۔ پاکستان اس وقت ٹیکنیکل طور پر ڈیفالٹ کرچکا ہے۔