تحریک عدم اعتماد سے پہلے جنرل باجوہ نے پی ٹی آئی کی حمایت کا کہا تھا، مونس الٰہی

359
My prime minister

لاہور: ق لیگ کے رہنما مونس الٰہی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے پہلے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے پی ٹی آئی کی حمایت کا کہا تھا۔

نجی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ یہ وہی باجوہ صاحب ہیں جنہوں نے تحریک انصاف کے لیے سمندر کا رُخ موڑ دیا تھا، اُس وقت وہ ٹھیک تھے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جاری باجوہ صاحب پر تنقید کو میں غلط سمجھتا ہوں۔

مونس الٰہی نے مزید کہا کہ میں اس معاملے میں پی ٹی آئی سے اتفاق نہیں کرتا کیوں کہ  جب تک جنرل(ر) باجوہ آپ کو سپورٹ کرتے رہے، تب تک ٹھیک تھے، اب وہ غدار ہوگئے۔ تحریک انصاف والوں سے کہا ہے کہ ٹی وی پر آکر بتائیں کہ جنرل (ر) باجوہ کیسے غدار ہوگئے۔مونس الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ میری نظر میں باجوہ صاحب کا کردار برا نہیں تھا۔ اگر برا ہوتا تو وہ ہمیں عمران خان کے ساتھ جانے کا نہ کہتے۔