الیکشن کیلیے سیکورٹی فراہمی حکومت کی ذمے داری ہے، ڈاکٹر خالد محمود

262

ہجیرہ: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت اور چیف الیکشن کمشنر بلدیاتی انتخابات کوشفاف ،آزادنہ اورمنصفانہ انعقاد کو یقینی بنائے ،سیکورٹی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے وہ اپنی ذمہ داری کو پورا کرے۔

ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ آزاد خطے میں ایک ہی دن بلدیاتی انتخابات کرانا باشعور عوام ،نوجوانوں کادیرینہ مطالبہ ہے ،مرحلہ وار انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی شدید تحفظات رکھتی ہے،حکومت اساتذہ کرام کے مطالبات کو پورا کرے تا کہ قوم کے معمار سڑکوں پر آنے کی بجائے نسل نو کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے فرائض سر انجام دے سکیں۔

رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ انتخابات کے آخری مرحلے پر اساتذہ کی طرف سے ہڑتا ل حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے، جماعت اسلامی پوری قوت کے ساتھ بلدیاتی انتخابات میں موجود ہے کارکن مہم کو تیز تر کریں جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے اور عوامی خدمت کے شاندار ریکارڈ کے ساتھ میدان میں موجود ہے۔

انہوں نے کہاکہ  جماعت اسلامی نے امانتدار ،دیانتدار اور باصلاحیت افراد کی ٹیم عوام کے سامنے پیش کی ہے عوام اعتماد کریں ،انہوں نے کہاکہ حکومت ریاستی وسائل کو انتخابات میں دھاندلی کے لیے استعمال کرنے سے باز رہے چیف الیکشن کمشنر قومی وسائل استعمال کرنے والوں کے خلاف نوٹس لیں۔