بھارت: مندر انتظامیہ کا دلت جوڑے کو شادی کی اجازت دینے سے انکار

554

بنگلور: بھارتی ریاست کرناٹک میں مندر انتظامیہ نے ہندوؤں میں نچلی ذات سمجھے جانے والے دلت خاندان کے جوڑے کو شادی کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق نفرت، تعصب  اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا واقعہ بھارتی ریاست کرناٹک کے علاقے چِکابالاپور  میں پیش آیا، جہاں برمہانارا ہالی کے رہائشی اوولو کونڈپا  نے شادی کے لیے مندر انتظامیہ سے درخواست کی تھی۔ مندر انتظامیہ کے سیکرٹری ماچاوالا ہالی نے بتایا کہ مندر کا کمیونٹی ہال پہلے ہی بُک ہو جانے کے باعث دستیاب نہیں۔

بعد ازاں تحقیق پر پتا چلا کہ شادی ہال اس تاریخ کے لیے بُک ہی نہیں ہوا، جس دن کے لیے دلت خاندان کے جوڑے نے درخواست دی تھی۔ مندر انتظامیہ نے دانستہ اور نچلی ذات سے نفرت کی بنیاد پر دلت جوڑے کو شادی کی اجازت دینے سے انکار کیا۔

دلت خاندان کے درخواست گزار اوولو کونڈپا نے کہا کہ میرا اور میری بیوی کا تعلق دلت برادری سے تھا، جس کی وجہ سے ہمیں مندر میں شادی کی اجازت نہیں دی گئی۔ بعد ازاں دلت جوڑے نے اس معاملے پر گڑی بانڈے کے حکام اور سوشل ویلفیئر افسران سے شکایت کی۔

دوسری جانب دلت برادری سے امتیازی سلوک کے خلاف اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی تنظیموں کی جانب سے متعلقہ دفاتر کے سامنے احتجاج کیا گیا اور شادی کی اجازت نہ دیے جانے پر مندر انتظامیہ کے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔