گوادر دھرنا پولیس گردی سے ختم نہیں کرایا جا سکتا، مولانا عبدالحق ہاشمی

274
dharna

کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ گوادردھرنے کو انتظامیہ پولیس گردی کے ذریعے ختم نہیں کرا سکتی۔

مولانا عبدالحق ہاشمی کا کہنا تھا کہ زورزبردستی جبر پولیس گردی اور طاقت کے ناجائز استعمال کے بجائے بات چیت ،بامقصدمذاکرات اورگفتگوسے گوادر کے مظلوموں کی آوازسنی جائیں اورجس طریقے سے پہلے دھرنے والوں سے مذاکرات کیے گیے اسی طرح طریقے بقیہ مسائل کے حل کیلئے طاقت کے بجائے مذاکرات کا راستہ اپنایاجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ طاقت وپولیس گردی کے بجائے بامقصد مذاکرات بااختیار لوگوں سے کرنے کا راستہ اختیار کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ حق دوتحریک پرامن جمہوری عوامی جدوجہد کے ذریعے حقیقی عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں ۔مذاکرات کرکے وعدوں کی خلاف ورزی حکمرانوں نے کی اب ڈنڈابردار پولیس بجھواکر دھرنے والوں کو اشتعال دلانے اور طاقت کے استعمال کی کوشش کی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔پہلے بھی دھرنے والوں سے مذاکرات کیے گیے لیکن اس میں بہت سے مسائل اب تک جوں کے توں ہیں جس کی وجہ سے اب حق دوتحریک کے لوگ دوبارہ دھرنادینے پر مجبور ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وعدوں کی خلاف ورزی ٹھیک نہیں ۔سرکار وعدوں پر عمل درآمد کے بجائے دھرنے والوں کے خلاف پولیس گردی سے بازآجائے۔ڈنڈابردار پولیس کے ذریعے معصوم دھرنے والوں کے خلاف طاقت کا بے جااستعمال حالات کر خراب کر سکتے ہیں۔