او آئی سی مسلم اقلیتوں کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کرے، عارف علوی

304
human rights

اسلام آباد:  صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ او آئی سی دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے فورم کے ذریعے دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کی بنیادی وجوہات کی نشاندہی کرنے اور ان کو اجتماعی طور پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ او آئی سی امت مسلمہ کی اجتماعی آواز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے او آئی سی جدہ میں پاکستان کے نامزد سفیر/مستقل نمائندے سید محمد فواد شیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا  کہ او آئی سی دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرے۔ دنیا کو بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کا نوٹس لینا چاہیے، ہندوستانی ہندوتوا نظریہ کی دنیا بھر میں حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے۔

صدر نے معصوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے تشدد اور غیر قانونی اقدامات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات انسانی اقدار، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کے خلاف ہیں۔ مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوتا مشرق وسطی میں مستقل امن قائم نہیں ہو سکتا۔