کے پی کے میں گورننس زیادہ بہتر نہیں ، نفرتیں نہیں محبتیں بڑھائوں گا، فیصل کریم کنڈی

192

کراچی :گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کا اسلام آباد میں مقدمہ لڑوں گا، کچھ لوگ سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں، ہم بننے نہیں دیں گے، خیبرپختونخوا میں گورننس زیادہ بہتر نہیں ، نفرتیں نہیں محبتیں بڑھائوں گا۔

کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں گورننس زیادہ بہتر نہیں ہے، میں نفرتوں کے خاتمے کے لیے کردار ادا کروں گا،کے پی کے میں امن و امان کے حالات اتنے اچھے نہیں کوشش ہوگی خیبرپختونخوا کے عوام کا وکیل بنوں، کوشش ہوگی کے پی کے کے عوام کا اسلام آباد میں مقدمہ لڑوں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ نہیں کہ میں سڑکوں پر کھڑے ہو کر بڑھکیں ماروں کہ پیسے واپس دیں، مختلف فورمز موجود ہیں جہاں پر اپنا مقدمہ لڑیں گے۔ ہماری کوشش ہو گی کہ کے پی کےمیں ترقی ہو،ہم ہر سیاسی جماعت کے ساتھ تعلق رکھیں گے، مولانا صاحب جب چاہیں گورنر ہاؤس آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، عوام کوسہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے جوانوں کا مورال بلندکریں گے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے بیان کی نفی کرتا ہوں۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے اسلام آباد پر چڑھائی کے بیان پرقانونی چارہ جوئی ہوگی، پُرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے، اگر آپ جیل توڑیں گے تو اسلام آباد اور پنجاب پولیس کیسے آپ کو چھوڑے گی۔