کراچی کی تعمیروترقی کاسفر جماعت اسلامی ہی مکمل کرے گی، حافظ نعیم

477

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر وترقی کا سفر جماعت اسلامی ہی مکمل کرے گی، سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات سے فرار کا راستہ اختیار کر کے جان نہیں چھڑاسکتی، ہم ان کا تعاقب کریں گے اور ہر صورت میں انتخابات کے لیے مجبور کردیں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ صوبائی حکومت کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کراچی کی امید صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی ہے، انتخابات جب بھی ہوں میئر جماعت اسلامی کا ہی منتخب ہوگا،ہم نے کراچی کے حقوق اور بلدیاتی اداروں کے اختیارات کیلیے سندھ اسمبلی کے سامنے 29دن کا تاریخی دھرنا دیا اور کراچی کے حقوق کی جنگ لڑی،جماعت اسلامی کا میئر کراچی میں آئی ٹی پارک اور آئی ٹی یو نیورسٹی بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا میئر اختیارات کا رونا رونے کے بجائے اختیارات سے بڑھ کر کام کرے گااورکراچی کے عوام کے حقوق لے کر رہے گا۔بلدیاتی امیدوار انتخابی مہم کو مزید تیز کریں،گھر گھر جاکر رابطے کریں۔

حافظ نعیم الرحمن نےکہاکہ  جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کراچی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور سندھ حکومت سے کراچی کا حق حاصل کرسکتی ہے، وہ جماعتیں عوام کے حقوق حاصل نہیں کرسکتیں جن کے اپنے ذاتی اور پارٹی مفاد ہوں،شہرمیں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بڑھتی جارہی ہیں اس کی سب سے بڑی وجہ حکمرانوں کی نااہلی اور لوٹ مار ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ کراچی کے نوجوان بے روزگارہیں،ان کو سرکاری نوکریاں نہیں ملتیں،جماعت اسلامی کا میئر منتخب ہوا تو ہمارے اختیار میں ہو یا نہ ہو ہم سندھ حکومت کو مجبور کر کے کراچی میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اورآئی ٹی یونیورسٹی بنائیں گے،کراچی کے شہریوں کے لیے عمدہ ٹرانسپورٹ سسٹم بنوائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں جماعت اسلامی نے شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور مثالی وریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، کیوں کہ اس کے پاس اہلیت اور دیانت دونوں موجود ہیں جب کہ دیگرپارٹیوں نے کرپشن اور نااہلی سے کراچی کو تباہ و برباد کیا،سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کادور کرپشن سے پاک دور تھااوراس دور میں شہر میں کالجز،اسپتال،پارک بنائے اسٹریٹ لائٹ لگائی گئیں،نچلی سطح پر عوام سے رابطے کر کے مسائل حل کروائے۔