جاوید لطیف کیخلاف پنجاب حکومت کی ضمانت منسوخی کی اپیل خارج

261
hand has been lifted

لاہور: ہائی کورٹ کے جسٹس انوارالحق پنوں نے مسلم لیگ (ن)کے نائب صدر اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کے خلاف ریاست مخالف بیان پر درج مقدمہ میں پنجاب حکومت کی جانب سے ضمانت منسوخی کے لئے دائراپیل خارج کردی۔

 دوران سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے میاں جاوید لطیف پر پہلی عبوری ضمانت خارج ہونے کا نقطہ چھپانے کا الزام لگایا۔ میاں جاوید لطیف کے وکیل نے عدالتی حکم پر تمام ریکارڈ پیش کردیا اور اس بات کی نشاندہی کی کہ تمام حقائق عدالت میں بیان کئے گئے تھے ۔

 عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر پنجاب حکومت کی ضمانت منسوخی کی اپیل خارج کردی۔

 واضح رہے کہ لاہور کی سیشن کورٹ نے میاں جاوید لطیف کی ضمانت منظور کی تھی جس کے خلاف پنجاب حکومت نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

 میاں جاوید لطیف کے خلاف لاہور کے تھانہ گرین ٹائون میں ریاست مخالف بیانات دینے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور میاں جاوید لطیف اس مقدمہ میں گرفتار بھی رہ چکے ہیں۔