عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے تحت سیلاب متاثرین کیلیے موبائل لیب اور خیمہ بستی کا قیام

294
mobile lab and tent

کراچی: سندھ کے سیلاب متاثرین کی امداد،بحالی، آباد کاری اور میڈیکل ریلیف کی فراہمی کے لیے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے سرگرمیاں 40 ویں دن میں داخل ہوگئیں۔ امدادی سرگرمیوں میں اب تک ہزاروں افراد کا طبی معائنہ کیا گیا،انھیں مفت ادویات فراہم کی گئیں جبکہ سیلاب متاثرین میں اشیائے خورد و نوش کے علاوہ کولرز تقسیم کیے گئے۔

عمیر ثناء فاؤنڈیشن نے ٹھٹھہ میں سیلاب متاثرین کے لیے موبائل میڈیکل یونٹ کے ساتھ ساتھ موبائل لیبارٹری اور الٹرا ساؤنڈ یونٹ بھی قائم کردیا۔اس موبائل یونٹ میں Ultrasound Machineاور Hematology Analyzer Machineنصب  کی  گئیں جب کہ ٹھٹھہ کے نواحی علاقے گوٹھ رمو ملا ح میں خیمہ بستی بھی قائم کی گئی ہے جہاں اب جھگیوں کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔

واضح رہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے تحت قائم کیا جانے والا موبائل لیبارٹری اور الٹرا ساؤنڈ یونٹ اپنی نوعیت کا پہلا یونٹ ہے جو سیلاب متاثرین کی طبی امداد کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے روح رواں ڈاکٹر ثاقب انصاری نے گوٹھ رمو ملا ح میں قائم خیمہ بستی کا دورہ کیا، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ عمیر ثناء فاؤنڈیشن اپنے محدود وسائل سے متاثرینِ سیلاب کی امداد،بحالی ،آبادکاری اور انھیں طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے،اب تک ہم نے ہزاروں افراد کو طبی سہولتیں فراہم کی ہیں،اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب سے جس بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اس پر قابو پانے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ  پوری قوم کو بھی اپنا کردار ادا کرنا پڑے گاتاکہ متاثرہ خاندان دوبارہ معمول کی زندگی گزار سکیں۔