ڈینگی کیسز میں اضافہ، اسپتالوں میں جگہ خالی نہ ملنے پر شہری پریشان

496

کراچی: ڈینگی کیسز میں ہوشربا اضافہ ہورہا ہے،محکمہ صحت سندھ کی جاری رپورٹ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ بھر میں 335 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے  257کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 257 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں رواں ماہ ڈینگی مریضوں کی تعداد 4 ہزار 318 ہوگئی ہے

محکمہ صحت سندھ کے مطابق ضلع کورنگی 126 ، ضلع شرقی 55 ،ضلع وسطی 34 کیسز، ضلع  جنوبی 26 ،  ضلع کیماڑی 8  ، ،ضلع ملیر  7 اور  ضلع غربی  1 کیس رپورٹ ہوا۔

محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 32 افراد اور حیدرآباد میں 1 شخص  جان کی بازی ہارا جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع وسطی میں رپورٹ ہوئی۔

محکمہ صحت سندھ  نے کہاکہ رواں سال سندھ بھر میں7 ہزار 532کیسز رپورٹ ہوئے۔طبی ماہرین کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ افراد پانی اور پھلوں کے مشروبات کا استعمال رکھیں جبکہ پپیتے کے پتوں کا عرق بھی استعمال کریں۔