حکومت نے پیٹرول مزید مہنگا کردیا، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت کم

455

اسلام آباد: حکومت نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر متوقع طور پر رد و بدل کردیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1.45 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 237.43 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ حکومت نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں کمی کی ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

وزارت خزانہ کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 30 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 202 روپے 2 پیسے فی لیٹر ہو گئی جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسےفی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 197 روپے 28 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں ڈیزل کی قیمت 245 روپے 43 پیسے ہی برقرار رکھی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق بھی آج بدھ کے روز ہی سے کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں حکومت نے پیٹرول پر لیوی میں 8 پیسے کمی کی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 8 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔ پیٹرول پر لیوی 37 روپے 50 پیسے سے کم ہوکر 37.42 روپے ہو گئی ہے اور ڈیزل پر لیوی 7.50 روپے سے بڑھا کر 7 روپے 58 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔