اقتصادی رابطہ کمیٹی: سیلاب متاثرین کیلیے این ڈی ایم اے کو 3 ارب روپے فراہمی کی منظوری

219
NDMA

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب متاثرین کی ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے اخراجات کے لیے این ڈی ایم اے کو تین ارب روپے فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔ای سی سی نے یوٹیلٹی اسٹورز کو چون کروڑ روپے فوری جاری کرنے کی منظوری بھی دی ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سیلاب متاثرین کی ریسکیو،ریلیف اور بحالی کے اخراجات کے لیے این ڈی ایم اے کو 3ارب روپے فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 54کروڑ روپے فوری جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔یوٹیلٹی اسٹورز اس رقم سے سیلاب متاثرین کو کھانے پینے کی ضروری اشیا سپلائی کرے گا۔

ای سی سی نے پاسکو کے ذخائر سے 50فیصد مقامی اور50فیصد درآمدی گندم بھی یوٹیلٹی اسٹورز کو فراہم کرنے کی منظوری بھی دی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو راشن بیگز کی فراہمی کے فنڈز جاری کئے جائیں گے- وفاقی حکومت جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کیلئے راشن فنڈز دے گی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز راشن بیگز میں آٹا-چینی سمیت بارہ بنیادی اشیا سیلاب متاثرین کو فراہم کررہا ہے،افغانستان میں 3پاکستانی اسپتالوں کے ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کے لیے ایک ارب9کروڑ روپے فراہم کرنے کی منظوری اور ٹی سی پی کو تین لاکھ میٹرک ٹن یوریا جی ٹو جی بنیادوں پر درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی گئی۔