پاکستان کو عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ

281

اسلام آ باد :وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کوعالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے، پاکستان میں سیلاب سے بے پناہ  تباہی ہوئی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ  پاکستان  میں  سیلاب اور بارشوں سے  بڑی تعداد میں متاثرین  کھلے آسمان کے نیچے  زندگی بسر کر رہے ہیں، ہر نیا روز متاثرین سیلاب کے لیے قیامت خیز ہوتا ہے،ان کوخوراک، چھت اور بحالی بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کلاوڈ برسٹ ہونے کے باعث آیا، پاکستان میں  موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے  رواں سال غیر معمولی بارشیں ہوئیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان  پر بری طرح مرتب ہوئے، پاکستان میں سیلاب  سے جو تباہ کاری ہو ئی ناقابل بیان ہے، بدقسمتی سے سیلاب سے جہاں  مواصلاتی نظام درہم برہم ہوا  وہاں فصلیں بھی تباہ ہوئیں۔

  بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان عالمی حدت کے باعث براہ راست  متاثر ہورہا ہے جبکہ پاکستان  بارشوں او ر سیلاب  کے باعث سنگین  مسائل  اور بحران سے بھی دوچار ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان کو عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہ، سیلاب اور بارشوں  سے  متاثرہ علاقوں میں  بحالی   اور تعمیر نو کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیلاب سے سندھ کے بیشتر شہر اور اضلاع ڈوب گئے ہیں، سیلاب متاثرین کو  فوری طور خیموں اور مچھر دانیوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بڑی تباہی کے باعث وہاں امداد پہنچانا بھی مشکل ہے۔