پورا ملک سیلابی پانی میں ڈوب چکا ہےقاری محمدعثمان

300
پورا ملک سیلابی پانی میں ڈوب چکا ہےقاری محمدعثمان

کراچی:جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان نے کہا کہ پورا ملک سیلابی پانی میں ڈوب چکا ہے۔ لاکھوں مکانات اور مویشی تباہ ہوگئے ہیں۔

اپنے متاثرہ مسلمان بھائیوں کی امداد و دلجوئی خالص عبادت ہے۔ لاکھوں افراد کھلے آسمان تلے سہارے کے منتظر ہیں۔ امت واحد کا مصداق بن کر اہلیان کراچی سیلاب متاثرین کی مدد و نصرت کریں۔ سندھ بلوچستان کے اکثریتی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام شب و روز متاثرین کی مدد میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلاب زدگان کے لئے الخیر ٹرسٹ اور جمعیت علما اسلام کی جانب سے لگائے گئے کیمپوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ یہ امتحان کی گھڑی ہے، لاکھوں مسلمان کھلے آسمان تلے مدد کے منتظر ہیں۔ وسیب ڈوب گئے ہیں، دیہات زیر آب آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اہلیان کراچی کی دریادلی انکا وطیرہ ہے۔ ہر جانب مائیں، بہنیں، بیٹیاں سر کے اوپر چھت اور سایے کی منتظر بیٹھی ہوئی ہیں۔

اہلیان کراچی بالخصوص اور تمام مسلمان بالعموم اپنے متاثرہ بھائیوں کا دست و بازو بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جمعیت علمائے اسلام کے رضاکاران اور الخیر ٹرسٹ کی ٹیمیں اپنے بھائیوں کی مدد میں مصروف عمل ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام کی رضا کار تنظیم انصار الاسلام سندھ، بلوچستان اور خیبر پختون خواہ کے پسماندہ علاقوں میں دن رات امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ یہ وقت رجوع الی اللہ اور توبہ و استغفار کا ہے۔ خدا کی ناراضگی کو دور کرنے کیلئے کثرت سے اعمال صالحہ اور دعاوں کی شدید ضرورت ہے۔