قوم سیلاب زدگان کی مدد کیلیے الخدمت کا ساتھ دے، ذکر اللہ مجاہد

303

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریاں اللہ تعالی ٰ کی کھلی ناراضگی کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران ظلم و جبر کے نظام کو ترک کریں اور  اللہ کے حضور توبہ کریں۔ آدھے سے زیادہ ملک ڈوب چکا ہے، کروڑوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں، ہزار  سے زائدقیمتی انسانی جانیں لقمہ اجل بن چکی ہیں، لاکھوں جانور ہلاک ہوچکے ہیں۔ لوگوں کے پاس کھانے کو کھانا نہیں، پینے کو پانی نہیں اور سونے کو سر پر چھت نہیں، بچے، خواتین، بزرگ بے یارومددگار ہیں، مویشی بھوکے مر رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ  اگر حکومتی سطح پر بروقت انتظامات کیے جاتے توآج   سیلاب کی تباہی سے بہت حد تک لوگوں کے مال و جان کو بچایا جا سکتا تھا۔ حکمران فوٹوسیشن اور اعلانات کے بجائے عملی اقدامات کریں اور سیلاب متاثرین کو فی الفور ریلیف فراہم کیا جائے۔ حکومتی فنڈ اور انتظامات کہیں دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ پوری قوم اپنے آپ کو بے بس اور تنہا محسوس کر رہی ہے جو تشویشناک امر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک میں سیلاب صورتحال پر گہرے دکھ اور رنج کااظہار کرتے ہوئے حکمرانوں اور قوم سے سیلاب متاثرین کی فوری مدد کی  اپیل کرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ اگر بحیثیت مسلمان ہم مسلمان بھائیوں کی تکلیف کو محسوس نہیں کرسکتے تو یہ بے حسی کا اعلیٰ درجہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی اور سوشل میڈیا پر سیلاب کی تباہ کاریاں، سیاستدانوں اور حکمرانوں کی بے حسی دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

ذکراللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے جماعت اسلامی اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پہلے دن سے سیلاب متاثرین کی مدد کررہی ہے۔ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن متاثرین کے لیے پکا کھانا، خشک راشن، خیمے اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ امیر لاہور نے اہل لاہور سمیت پوری قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے دل کھول کر الخدمت فاؤنڈیشن کو عطیات دیں اور سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ہمارے دستے بازو بنیں۔