وفاقی حکومت کی ترجیح عوام نہیں، اپنے خلاف مقدمات کا خاتمہ ہے، عمران خان

272

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی ترجیحات عوام کے بجائے اپنے مقدمات کا خاتمہ کرنا ہے۔ عوام کو اس نااہل ٹولے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے سیلاب کی صورتحال میں پنجاب اور کے پی کے میں اقدامات کا جائزہ لیا اور عمران خان کو سندھ میں سیلاب صورتحال پر بریفنگ دی۔

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ پنجاب اور کے پی حکومتوں کو متاثرین کی فوری امداد کی ہدایت کردی ہے۔ شہباز شریف کو کوئی بھی پیسے دینے کے لیے تیار نہیں۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کی عوامی رابطہ مہم اور جلسوں سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔ عمران خان کے دورۂ سندھ کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی، سندھ میں جلسوں کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں خود جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ اب ان کے دوروں کا شیڈول ترتیب دیا جارہا ہے۔