وزیراعظم نے پاکستان میڈیکل کمیشن  کو تحلیل کردیا، مبینہ کرپشن کی تحقیقات ہوگی

286

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کو تحلیل کرتے ہوئے ارکان کو تبدیل کر دیا جب کہ ٹیسٹنگ میں مبینہ کرپشن کا معاملہ تحقیقاتی ایجنسی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے آئین اور قانون کے مطابق پاکستان میڈیکل کمیشن کے ارکان کو صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے تبدیل کیا۔ پی ایم سی میں میڈیکل امتحانات میں کرپشن کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ گزشتہ سالوں میں بھی بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ میں بے ضابطگیاں اور مالی بدعنوانیاں رپورٹ ہوئیں، جس کا معاملہ نیب میں زیر التوا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کمیشن کے نئے ارکان آئین و قانون کے مطابق میرٹ پر تعینات ہوں گے جب کہ ٹیسٹنگ میں مبینہ کرپشن کا معاملہ تحقیقاتی ایجنسی کو دیا جائے گا۔ ایم ڈی کیٹ کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔