عمران خان کا بیانیہ اور یو ایس ایڈ

581

معاصر روزنامہ جنگ کی ایک خبر ہے جس کے مطابق امریکی ادارہ یو ایس ایڈ خیبرپختونخوا میں 1427 ملین ڈالر کی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ رپورٹ کے مطابق یو ایس ایڈ خیبر پختونخواہ میں امداد دینے والا سب سے بڑا ادارہ ہے یہ ادارہ 19 ارب 81 کروڑ روپے کی گرانٹ سے صوبے میں انفرا اسٹریکچر، صحت، تعلیم، توانائی اور دیگر منصوبوں پر لاکھوں ڈالر بھی خرچ کر رہا ہے۔ خبر میں پی ٹی آئی کے امریکا مخالف بیانیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک جانب امریکی غلامی سے نجات اور خودمختار آزاد حکومت کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ امریکی سازش کا حوالہ دیا جارہا ہے اور دوسری جانب یوایس ایڈ سے بھرپور مدد حاصل کی جارہی ہے۔ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان روزانہ جلسوں اور بیانات کے ذریعے امریکا مخالف مہم چلا رہے ہیں اوروفاقی حکومت کو امریکی امپورٹڈ حکومت قرار دیتے ہیں لیکن ان کی کے پی کے کی حکومت اس بیانیہ کے باوجود یو ایس ایڈ سے اربوں روپے کی امداد حاصل کر رہی ہے۔ یہ تضاد بھی صرف پی ٹی آئی کے حصے میں نہیں آیا بلکہ پاکستان کی دیگر حکومتیں بھی یہ کام کرتی رہی ہیں فرق صرف یہ ہے کہ عمران خان صاحب امریکا کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور ان کی پارٹی کی حکومت امریکی امداد وصول کر رہی ہے۔ کہیں فوج کے خلاف بیانیہ بھی اسی طرح تضاد کا شکار نہ ہو جائے۔