ایف بی آر بڑے ریٹیلرزکو ٹیکس نیٹ میں لانے میں ناکام

289
tax collection

 اسلام آباد: ایف بی آر بڑے ریٹیلرزکو ٹیکس نیٹ میں لانے اور 50ارب روپے کے اضافی محصولات کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے  ۔

نجی ٹی وی  کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران 12ہزار پوائنٹ آف سیلز(پی او ایس)مشینوں کو ایف بی آر کے نظام کے ساتھ منسلک کیا گیا تھا اور تازہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک صرف 23ہزار پی او ایس مشینوں کو ہی ایف بی آر کے نظام کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے جو سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی جانب سے ادارے کو دیے گئے ہدف سے کہیں کم ہے۔

گزشتہ حکومت نے عندیہ دیا تھا کہ وہ پانچ لاکھ کے قریب پوائنٹ آف سیلز مشینوں کو نظام سے منسلک کریں گے اور جس کے نتیجے میں ادارے کو 50ارب روپے کا اضافی ٹیکس وصول ہوگا۔ اس سلسلے میں گزشتہ حکومت نے ہر ماہ تقریبا ساڑھے پانچ کروڑ روپے کے انعامات کی مد میں رکھے تھے جو کمپیوٹر قرعہ اندازی کے ذریعے بہترین صارفین کو دیے جارہے تھے، تاہم اس کے باوجود اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ 50ار روپے کے ہدف کے مقابلے میں ان رٹیلرز سے محض 6ارب 30کروڑ روپے اضافی ٹیکس ہی وصول کیا جاسکا۔

دوسری جانب ایف بی آر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ باوجود اس کے کہ ایف بی آر اضافی ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل نہیں کرسکا تاہم پی او ایس مشینوں کی تنصیب کا اقدام کامیاب رہا ہے کیونکہ اس اسکیم کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ ہم شہریوں اور ٹیکس دہندگان میں یہ آگاہی پیدا کریں کہ وہ خریداری کرتے وقت سیلز اور ٹیکس رسید کے حصول پر زور دیں۔