9 حلقوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل کرنے کی استدعا مسترد

199

 اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کی جانب سے 9قومی اسمبلی کے حلقوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول فوری طور پر معطل کرنے کی استدعا مستردکردی۔

عدالت نے قراردیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کے منطور شدہ استعفوں پر الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کیا۔

عدالت نے قراردیا ہے کہ123حلقوں میں بھی الیکشن ہو جائے گا پہلے ان9حلقوں پر ہو جانے دیں۔

 جسٹس عامر فاروق نے 9قومی اسمبلی کے حلقوں پر ضمنی الیکشن کے خلاف دائر پی ٹی آئی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم تو کہتے ہیں کہ 123حلقوں میں انتخابات کروائے جائیں، ہماری استدعا ہے کہ الیکشن شیڈول معطل کیا جائے۔

 اس پر جسٹس عامر فاروق نے استفسا کیا کہ الیکشن شیڈول معطل کرنے کی قانونی وجہ کیا ہے؟آپ ایک الیکشن روکنے کی استدعا کررہے ہیں ، کوئی قانونی جواز بتائیں۔ فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیر سماعت ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے فیصل چوہدری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ الیکشن لڑیں۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرکے 16اگست کوجواب طلب کرلیاہے۔