عمران خان نے اداروں کو لڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، راجہ ریاض

355
عمران خان نے اداروں کو لڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، راجہ ریاض

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کے لئے ایک فتنہ ہے، اس نے اداروں کو بھی لڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،تمام اداروں کو بربادکیا ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے کور کمانڈر اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ، شہدا کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے دعاگو ہوں، پوری قوم شہدا کے خاندانوں اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر شہدا کے حوالے سے گھنائونی حرکت کی گئی جس کی بھرپورمذمت کرتا ہوں، سوشل میڈیا پر افواج پاکستان کو مزاح کا نشانہ بنانا شرمناک ہے، یقین ہے پروپیگنڈا کرنے والوں کو عمران خان نے شاباش دی ہوگی کیونکہ عمران خان کا یہی طرز عمل ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان کرپٹ اور جھوٹا آدمی ہے، اس نے اس ملک کے اداروں کو بھی لڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،تمام اداروں کو بربادکیا ، اس نے اپنے کارکنان کو 13 اگست کو کال دی ہے، یہ مجمع اکٹھا کرکے ڈی چوک جانے کا کہے گا اور فساد کی کوشش کرے گا۔

راجا ریاض نے کہا کہ راناثنا ء اللہ پر منشیات کا مقدمہ جھوٹا تھا اور عمران خان کی ایما پر قائم ہوا تھا، اپنے دور میں اس نے25 ہزار ارب قرض لیا اور کام کچھ نہیں کیا، عمران خان اس ملک کے لیے ایک فتنہ ہے، نوجوان ایسے فتنے سے بچیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ سے پوچھا کہ رانا ثناء اللہ کیسے جیت گیا، رانا ثنا اللہ کا بندوبست میں کرتا ہوں۔فارن فنڈنگ ثابت ہونے پرعمران خان بطور چیئرمین استعفیٰ دیں، کرپشن کرنے والے فرح گوگی ویگر ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے ابھی اپوزیشن لیڈر ہوں لیکن ناراض رکن ہوں، عمران خان سے صلح کرنا ملک سے غداری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر بالکل صحیح کام کررہا ہے، مجھے اس الیکشن کمشنر پر کوئی اعتراض نہیں۔