بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری  ، مزید 13 افراد جاں بحق

342

 کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری  ، مزید 13 افراد جاں بحق ،مجموعی اموات کی تعداد 149 تک پہنچ گئی  تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے بارشوں سے ہونے والے ابتک کے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے۔

جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں بارش و سیلاب سے مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 149 تک پہنچ گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین و بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں 61 مرد، 63 خواتین اور 52 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار ، کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئی ہیں۔   پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 74 افراد زخمی بھی ہوئے  جبکہ صوبے بھر میں 13 ہزار 975 مکانات منہدم اور جزوی نقصان پہنچا ہے۔ پی ڈی ایم اے رپورٹ میں بتایا گیا یے کہ بارشوں میں 670 کلو میٹر مشتمل مختلف 6 شاہرائیں شدید متاثر ہوئی ہیں اور مختلف مقامات پر 16 پل ٹوٹ چکے ہیں۔

  پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 1 لاکھ 98 ہزار 461 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں، سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو نقصانات پہنچا ہے۔