کالجز  کے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کی جائے، کالجز ایسوسی ایشن

390

کراچی  (رپورٹ: حماد حسین ) سندھ بھر کے کالجز میں داخلوں کے نئے طریقہ کار پر عملدرآمد کی صورتحال پر آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدرعلی اور مرکزی رہنماؤں مرتضی شاہ، محمد سلیم اور دیگر ایگزیکٹو ممبران نے کہا ہے کہ اس سال سندھ میں کالجز کے داخلے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ذاتی دلچسپی کے باعث پہلی مرتبہ پورے سندھ میں کالجز  میں  داخلے مکمل طور پر آن لائن اور نویں جماعت کے رزلٹ کی بنیاد پر دیے گئے۔

انہوں نے کہاکہ تاکہ کالجز میں جلد از جلد کلاسز کا آغاز کیا جا سکے لیکن انتہائی افسوس ہے کہ وزیر تعلیم سندھ کے بہترین اقدام کو داخلہ پالیسی کے ذمہ داران نے جلد بازی، اپنی انتظامی نا اہلی اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ہزاروں بچوں اور ان کے والدین کو پریشان کن صورتحال سے دوچار کر دیا۔

رہنما ؤں کا کہنا تھا کہ غیر ضروری تفصیلات، غلط ٹائم فریم، نا مکمل آگاہی، موسم گرما و عید کی تعطیلات، خراب موسمی حالات،اندرون سندھ پہلی مرتبہ آن لائن ایڈمیشن اور نویں جماعت کے رزلٹ کی بنیاد پر پہلی دفعہ داخلے کے سبب طلبہ و طالبات کو مسلسل پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پچھلے سال کے مقابلے میں صرف کراچی میں کم از کم تیس ہزار داخلے کم ہوے ہیں۔

ان رہنماؤں نے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ہزاروں بچوں کے مستقبل کے لئے سرکاری کالجز میں داخلے کی تاریخ میں اضافے کی ہدایت متعلقہ ذمہ داران کو دیں اور  یہ کہ تمام داخلے عارضی بنیاد پر دیے گئے ہیں لہذا ابھی نتیجہ آنے اور نمبروں کے لحاظ سے کالجز میں داخلہ نہ ہونے اور دور دراز علاقوں میں داخلے کی وجہ سے بہت زیادہ مشکلات کا امکان ہے۔

جس کے لیے داخلوں کے ذمہ داران کو بہت سنجیدگی اور مہارت سے کام لینے کی ہدایت کی جائے۔