تاجروں کی بجلی پرعائد ٹیکسز ختم نہ کرنے پر شٹرڈاؤن کی دھمکی

376
removing taxes

لاہور: آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے بجلی کے بلوں میں عائد ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ظلم اور نا انصافی پر پورے ملک کی تاجر برادری سراپا احتجاج ہے، اگر ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو تاجر شٹر ڈاﺅن کرنے پر مجبور ہوں گے۔ تاجر تنظیموں کےآئندہ اجلاس میں شٹر ڈاﺅن اور احتجاج کے حوالے سے فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی، سینئر نائب صدر شیخ ارشاد، سیکرٹری جنرل محبوب علی سرکی، پنجاب کے صدر شاہد گوگی، پیٹرن انچیف ظہیر بابر، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز، جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ، چیئرمین انجمن تاجران لاہور حافظ عطا اللہ، وائس چیئرمین ملک ناظم سمیت دیگر تاجروں نے کہا کہ چھوٹے بڑے تاجر کی تفریق کے بغیر ہزاروں روپے کے بل بھجوائے گئے ہیں جنہیں دیکھ کر ہوش اڑ گئے ہیں ،تاجر پہلے ہی مہنگی بجلی خرید رہا ہے اور سب سے زیادہ ٹیکسز کی ادائیگی کر رہا ہے اور اب بجلی کے بلوں میں نئے ٹیکسز کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے جسے موجودہ حالات میں اٹھانے کی سکت نہیں رکھتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر ماہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر بھی اربوں روپے وصول کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تاجر ملک کی معیشت کےلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن حکومت ان کی مشکلات کو نظر انداز کر رہی ہے ، ملک بھر میں چالیس لاکھ سے زائد تاجر ہیں جو نہ صرف اربوں روپے ٹیکسز کی ادائیگی کر رہے ہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کو روزگار فراہمی کا بھی ذریعہ ہیں۔