عمران خان کا بیانیہ لوگوں نے دل سے قبول کیا، شاہ محمود قریشی

263

اسلام آباد: سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مبارک باد دینا چاہتا ہوں انصاف کی بالادستی ہوئی ہے، ارکان پنجاب اسمبلی نے واضح اکثریت سے پرویز الہی کو وزیر اعلی منتخب کیا ہے،موجودہ حکومت کو پنجاب کی عوام نے 17 جولائی کو مسترد کردیا تھا،فیصلے سے انصاف کی بالادستی ہوئی ہے۔

یہ بات انھوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کا کردار شرمناک ہے، انہوں نے وقتی مفادات کو سامنے رکھا۔ پنجاب کے لوگوں نے واضح پیغام دیا تھا ، عمران خان کا بیانیہ لوگوں نے دل سے قبول کیا ۔ سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پرویز الہی نے اپنے اختیارات عمران خان کو سونپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مشاورت سے چلوں گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں پاکستان کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا گیا،پرامید ہوں کہ عوام پاکستان کو مستحکم کرنے کے لیے عمران خان کا ساتھ دیں گے  ۔شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ق لیگ کے ارکان اسمبلی نے ثابت قدمی کا ثبوت دیا، جنہوں نے عدالت میں آکر ثابت کردیا کہ وہ راتوں رات لکھے گئے کسی خط کو نہیں مانتے۔تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ پرویز الہی کو مبارکباد دیتا ہوں،ہمارا لیڈر جھکنے کو تیار نہیں ہوا،پاکستان کے فیصلے کسی بند کمرے میں نہیں ہوں گے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید خان نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج قانون آئین کے مطابق فیصلہ آیا۔ یہ جیت کپتان عمران خان کی جیت ہے، واضح ہوگیا عوام کے منتخب نمائندوں کا فیصلہ کیا ہے۔سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ دوست مزاری نے آئین کو روندھا اور انہوں نے اصولوں کی پاسداری نہیں کی۔ انہوں نے قانون کا بھی لحاظ نہیں کیا حالانکہ وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہوکر آئے تھے۔