عمران نیازی قوم کو گمراہ اور تقسیم کر رہے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ 

228
misleading

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان الیکشن جیت کر بھی الیکشن کمیشن کو گالیاں دیتے ہیں اور اداروں کو گالیاں نکالتے ہیں ان کی کسی بات پر یقین ہی نہیں کرنا چاہیے، عمران نیازی قوم کو گمراہ اور تقسیم کر رہے ہیں۔

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ شخص فساد فی الارض اور قوم کے ذہن کو آلودہ کرنے کے لیے پروپیگنڈا کر رہا ہے، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ عدالتوں کا احترام کیا جائے لیکن کل انہوں نے سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر ہنگامہ آرائی کی، عمران خان کے غنڈوں نے سپریم کورٹ کی دیواریں پھلانگیں اور زبردستی دفاتر میں داخل ہوئے مگر متعلقہ تھانے کو کوئی شکایت نہیں دی گئی،

ان کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی کا ٹولہ جھوٹا پروپیگنڈا کرنے میں مہارت رکھتا ہے، کہا گیا حکومت دھاندلی کر رہی ہے، کبھی کہا گیا کہ ایک ایک ووٹ کے بدلے 40، 40کروڑ روپے دیے گئے حالانکہ کسی ایک بندے کا ووٹ بھی ادھر سے ادھر نہیں ہوا، جو ان کے لوگ تھے انہوں نے ان کو ووٹ دیے اور جو ہمارے لوگ تھے انہوں نے ہمیں ووٹ دیے، یہ بتائیں کہ کسے پیسے ملے کیاچوہدری شجاعت حسین نے پیسے لیے ؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ ثابت ہو چکی، یہ دو جمع دو کا کیس ہے، الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فی الفور جاری کیا جائے، انصاف ہونا چاہیے اور ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔