غیرت مند قوم بھکاری کو وزیر اعظم قبول نہیں کرے گی، عمران خان

252
فیصل آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں
فیصل آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں

فیصل آباد : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ 17 جولائی کو لوٹوں کو جھٹکا لگنے والا ہے ، لوگ دیکھیں گے کہ یہ کیسے ان کو لگتا ہے ، قوم خوددار اور غیرت مند ہے یہ بھیک مانگنے والے وزیر اعظم کو قبول نہیں کرینگے ۔

شہباز شریف پٹرولیم مصنوعات میں قیمتیں کم کرکے احسان کیا ہے لیکن آج دنیا میں پٹرولیم کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں ،قیمتوں کو 144 روپے فی لیٹر تک لانا چاہیے، آج کوئی بہانہ نہیں بنانا چاہیے۔ نیب ترامیم پر سپریم کورٹ گیا ہوں جلد کیس لگ رہا ہے اور آخری گیند تک ان چوروں کا مقابلہ کرونگا ، کسی صورت ان چوروں کو 1100 ارب ہضم کرنے نہیں دونگا ۔

جمعہ کو چک جھمرہ فیصل آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ملک کی 75 سالہ تاریخ میں قوم اتنی بیدار اور باشعور نہیں تھی جتنی آج ہے ۔ قوم سمجھتی ہے کہ بڑی بیرونی سازش ہوئی ہے جو یہاں کے غداروں میر جعفر ، میر صادق نے کامیاب کی ۔ 30 سال سے قوم کو لوٹنے والوں کو مسلط کیا گیا اور چوروں نے آتے ہی 1100 ارب اپنی جیب میں ڈالے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے میرے ساتھ کھڑا ہونا ہے ، میری ٹیم کا حصہ ہیں ، آپ کے کپتان کو ان کا مقابلہ کرنا آتا ہے ۔ امریکا کو کیا ضرورت پڑی تھی کہ ان چوروں کو سازش کرکے بٹھایا ہے، امریکا پاکستان کا خیر خواہ ہے ملک کی بہتری چاہتا ہے ، امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان میں اپنی حکومت بنے جسے وہ حکم کریں ہر چیز ان کے گھٹنوں پر بیٹھ کر مانے وہ حکم کریں کہ ہماری جنگ میں شرکت کرو تو ایک ٹیلی فون کال پر اس کے سربراہ نے گھٹنے ٹیک دیئے اور امریکی جنگ میں لے گیا اور اس جنگ میں 80 ہزار پاکستانی مارے گئے ۔

آج بھی فوج سرحدوں پر قربانی دے رہی ہے یہ سب کچھ امریکا کی جنگ میں شرکت کرنے سے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ ہم امریکا سمیت سب سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن کسی کی غلامی نہیں چاہتے ہیں ۔ ملک میں ملٹری ڈکٹیٹر کے جانے کے بعد لوگوں نے سمجھا کہ جمہوری حکومت آئی ہے لیکن وہ بھی ملک پر ہونے والے ڈرون حملوں پر خاموش رہے ان کی جائیداد بیرون ملک ہیں اور ان کو امریکی غلامی کرنی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو آزاد لیڈر پسند نہیں بلکہ بوٹ پالش کرنے والے شہباز شریف کو پسند کرتا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ 17 جولائی کو لوٹوں کو جھٹکا لگنے والا ہے ۔ لوگ دیکھیں گے کہ یہ کیسے ان کو لگتا ہے ۔ قوم خودار اور غیرت مند ہے یہ بھیک مانگنے والے وزیر اعظم کو قبول نہیں کرینگے ۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ شہباز شریف پٹرولیم مصنوعات میں قیمتیں کم کرکے احسان کیا ہے لیکن آج دنیا میں پٹرولیم کی قیمتیں کم ہوگئیں ہیں ۔ قیمتوں کو 144 روپے فی لیٹر تک لانا چاہیے ۔ آج کوئی بہانہ نہیں بنانا چاہیے ۔