سرمایہ کار آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، سردار تنویر الیاس خان

289

وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے سرمایہ کاروں کو آزادکشمیر آنے اور سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آزاد کشمیر میں ٹیکس فری سپیشل اکنامک زون بنا رہے ہیں جہاں کاٹن کی صنعت لگانے والوں کو کم از کم دس کنال اور زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ سو کنال تک اراضی دیں گے

وزیر اعظم آزادکشمیر نے میڈیاسے گفتگو میں کہا کہ پاک فوج دنیا کی عظیم فورس ہے جو دہشت گردی کے چیلنج سے پوری طرح نمٹ رہی ہے لیکن اس کے برعکس بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بدترین بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور انسانی حقوق کی شرمناک پامالیاں کی جارہی ہیں مگر اس سے کشمیریوں کے جذبہ حریت اور جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلئے ہم بھارت کو کہتے ہیں کہ امن کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سے نکل جائے وگرنہ وہ ہماری طاقت سے اچھی طرح واقف ہے اور اسے یہ بھی یاد ہونا چاہیے کہ ہم نے ابھینندن کو ایسی چائے پلائی تھی کہ وہ پوری دنیا میں چائے چائے کرتا پھر رہا ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ افواج پاکستان کے حوالے سے جب بھی تقریب ہوتی ہے تو میں اس میں شرکت کرنے کی ضرور کوشش کرتا ہوں حالانکہ ابھی ہمارا بجٹ سیشن کلوز ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر گلیشیئر سے شروع ہوکر سیالکوٹ کے بارڈرتک ہے جبکہ اس ملک کے بننے میں انکے بزرگوں کی بے شمار قربانیاں ہیں اوریہ ملک لاالہ الاللہ محمد رسول اللہ کے نام پر بنا، انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہندوؤں کا رویہ ہمیشہ متعصبانہ رہا اور ان کی جانب سے مسلمانوں کے ساتھ نفرت کا مظاہرہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 1857 کی تحریک آزادی شروع ہوئی تو بہادر شاہ ظفر سے کہا گیا کہ عزت بچانی ہے تو استعفیٰ دیدیں لیکن انہوں نے مقدمہ لڑنے کو ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ بہادر شاہ ظفر کے خلاف پراپیگنڈہ کیا گیاجبکہ انگریز ہماری تاریخ اور اسلاف کی قربانیوں سے واقف نہیں حالانکہ ہمارے ہاں خالد بن ولید، امام حسین، حضرت عمر اور حضرت امیر حمزہ جیسے عظیم ہیرو موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوؤں کا کام ہمیشہ جھوٹا پراپیگنڈہ کرنا ہے لیکن ہم اس پراپیگنڈے سے نہ کبھی گھبرائے ہیں نہ آئندہ مرعوب ہوں گے۔

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ بھارت کے پانی کے تمام ذخیرے اور تمام راستے کشمیر سے نکلتے ہیں اسلئے بھارت کو چاہیے کہ کشمیریوں کو اپنا فیصلہ کرنے دے۔

انہوں نے کہا کہ نو لاکھ قابض بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کسی بچے، بزرگ اور خاتون کی پہچان کئے بغیرا نہیں بے دریغ شہید کر رہی ہے مگر عالمی قوتیں خاموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح ا فواج پاک سر زمین کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑنا جانتی ہے جبکہ ستائیس کروڑ مسلمان ہندوستان میں رہتے ہیں لہٰذا ہندوستان اپنا انجام سوچ لے۔