کسی ایک اتحادی پر حملے کا مطلب سب پر حملہ ہے‘جو بائیڈن

361

میڈرڈ: نیٹو ممالک نے یوکرین پر روسی حملے کے بعد کسی بھی جارحانہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکا اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس  کے مطابق میڈرڈ سربراہی اجلاس میں امریکی صدر جو بائیڈن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتحادی ممالک کے ایک ایک انچ کا تحفظ کیا جائے گا، کسی ایک پر حملے کا مطلب سب پر حملہ ہے۔

جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ  امریکا کی زیرقیادت نیٹو بالٹک ریاستوں اور پولینڈ کو مستقبل میں روسی حملے سے بچانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔اتحادی ممالک کی مزید افواج مشرقی یورپ میں تعینات کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ  امریکا یورپ میں پہلے سے موجود فوجیوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ اسپین کو مزید جنگی جہاز جبکہ رومانیہ اور بالٹک ریاستوں کو بھی دفاعی ساز و سامان فراہم کرے گا۔

نیٹو کے گزشتہ روز سربراہی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسٹونیا، لٹویا اور لتھوانیا میں مزید اتحادی فوجیوں کے علاوہ جنگی سازوسامان، ہتھیار اور گولہ بارود بھیجا جائے اور تیز ترین کمک کے حوالے سے نظام بھی ترتیب دیا جائے۔

اس فیصلے پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پرخطر مقامات پر مزید تین لاکھ سے زائد فوجی بھجوائے جائیں۔ اس سے قبل کسی بھی حملے سے نمٹنے کے لیے تقریباً 40 ہزار فوجی تعینات تھے۔