کے الیکٹرک کا اگلے چند روز میں رات کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ

370
Load shedding

کراچی : شہر قائد میں جاری طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے جب کہ گزشتہ دو روز سے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کے خلاف شدید احتجاج جاری ہے- دن اور رات کے مختلف اوقات میں لوڈشیڈنگ دورانیہ 15 گھنٹے سے بھی تجاوز کر چکا ہے، جس کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی اور کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے-

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ نے معاملے کانوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کو اپنا نظام درست کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عندیہ دیا تھا کہ ضرورت پڑی تو کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جا سکتا ہے-

دوسری جانب کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک نے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی ہے کہ اگلے چند روز میں شہر کے تمام رہائشی علاقوں میں رات کے اوقات میں جاری لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا-

گزشتہ روز کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی زیر سربراہی اہم اجلاس میں کے الیکٹرک کے سی ای او عامر ضیا نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات تیزی کے ساتھ مکمل کرنے کی کوشش جاری ہے ، جس کے نتیجے میں اگلے دو سے تین روز میں شہر کے رہائشی علاقوں میں رات کی لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی-

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر ہونے والے اجلاس میں کمشنر کراچی نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے لیے خصوصی کمٹی بنانے کا فیصلہ کیا، جس میں عوامی نمائندے، اہل علاقہ اور متعلقہ اداروں کے افسران کو شامل کیا جائے گا- یہ تمام کمیٹی اراکین اپنی رپورٹ کمشنر کراچی کو پیش کریں گے-