پاکستان فٹبال کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کردی گئی

252

کراچی (رپورٹ:مقصود احمد خان) فیفا نے عائد پابندیاں ختم کردی، قومی ٹیمیں انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لینے کی اہل ہونگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا نے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کردی، پاکستان فٹبال پر عائد پابندیاں ختم کردی گئیں، قومی ٹیموں پر انٹرنیشنل مقابلوں کے دروازے بھی کھل گئے، ملکی سطح پر فٹبال سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوگا، فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی کے مینڈیٹ میں ایک سال کی توسیع کردی گئی۔

یاد رہے کہ اشفاق گروپ نے نارملائزیشن کمیٹی کو بے دخل کرتے ہوئے فٹبال ہیڈ کوارٹرز پر قبضہ جمالیا تھا، فیفا نے سخت ایکشن لیتے ہوئے پاکستان کو معطل کردیا تھا جس کی وجہ سے ملک بھر میں فٹبال کی سرگرمیاں بھی رک گئیں۔

قومی ٹیمیں انٹرنیشنل مقابلوں اور آفیشلز ایجوکیشن کورسز میں داخلے سے محروم ہوئے، طویل جدوجہد کے بعد حکومتی احکامات کے تحت فیفا ہاؤس کا چارج نارملائزیشن کمیٹی کے سپرد کردیا گیا تھا۔

 اب بیرونی مداخلت ختم ہونے کے بعد فیفا نے بھی پاکستان کی رکنیت بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے معطلی ختم ہونے پر قوم اور فٹبال برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ این سی کی انتھک محنت اور فٹبال فیملی کی دعائیں رنگ لے آئیں۔

 فیفا مینڈیٹ کے مطابق پی ایف ایف الیکشنز کا انعقاد اور فٹبال کی بحالی اولین ترجیح ہو گی، دستیاب وقت میں پاکستان فٹبال کو درست سمت پر گامزن کرنے کی کوشش کرینگے۔