نئے گریجویٹ انجینئرز کیلیے پاک فوج کے تعاون سے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز

388
new graduate

اسلام آباد: نئے گریجویٹ انجنیئرز کےلئے پاک فوج کے تعاون سے انٹر ن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا۔

اس سلسلہ میں افتتاحی تقریب پاکستا ن انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ آرمی کے انجنیئر ان چیف لفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر لفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب انجنیئرز کو ان تمام اداروں میں بھی انٹرن شپ کے مواقع فراہم ہو سکیں گے جہاں تک شاید آج سے پہلے رسائی ممکن نہ تھی اور اس کے لیے وہ بحیثیت انجنیئر ان چیف ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

تقریب سے خطاب میں چیئرمین پاکستان انجنیرنگ کونسل انجنیر محمد نجیب ہارون نے ابتدائی انٹرن شپ حاصل کرنے والے انجنیئرز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جو انٹرن شپ پلیٹ فارم پی ای سی نے انجنیئرز کو فراہم کیا ہے وہ اس سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور دلجمعی کے ساتھ ان اداروں میں کام کرکے اپنے ہنر کو مزید چمکائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر ادارے مثلا ایم ای ایس ، ایف ڈبلیواو وغیرہ کی طرح ہم نے سول ملٹری پارٹنرشپ کے تحت اس انٹرنشپ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد پاکستان کے انجنیئرز کو عزت دلوانا اور انھیں پیشہ وارانہ صلاحیت کے بل بوتے پر اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔

چیئرمین پاکستان انجنیئرنگ کونسل کا کہنا تھاکہ پی ای سی اس پروگرام کو مزید تقویت دینے کے لیے ”جوبون ٹرینگ“ پروگرام پر کام کر رہی ہے اور اسی کے پیش نظر C۔2اور اس سے اوپر کی کنسٹرکشن کمپنیز میں رجسٹرڈ انجنئیرکی تقرری لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ ایسے انجنیرز جو ابھی گریجویٹ ہوئے، روزگار کے ساتھ کام کا تجربہ بھی حاصل کر سکیں۔