کراچی کی امید جماعت اسلامی

368

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے حکومت میں نہ رہتے ہوئے بھی ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔ ہماری فلاحی سرگرمیاں پورا سال جاری رہتی ہیں۔ انہوں نے ایک مفت آئی کیمپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے ادوار میں کراچی چمک گیا تھا۔ ان ہی کاموں کے تسلسل کے لیے کراچی کے عوام جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ اس شہر کے لیے پانی کا آخری منصوبہ بھی جماعت اسلامی نے شروع کرایا تھا اس کے بعد سے 17 برس میں ایک گیلن پانی کا بھی اضافہ نہیں ہوا۔ جماعت اسلامی کا میئر آئے گا تو وہ اختیار نہ ہونے کا رونا نہیں روئے گا، کام کرے گا۔ یہ بات بھی سمجھ سے بالا ہے کہ بلدیہ کے پاس عملہ ہے، گاڑیاں ہیں ان میں ڈیزل ڈلتا ہے اور یہ رقم حکومت سے لی جاتی ہے، عملے کو تنخواہ ملتی ہے تو کیا وجہ ہے کہ صفائی کا نظام بگڑ گیا ہے۔ پارکوں میں ویرانی ہے، سڑکوں کی لائٹیں غائب ہیں اور جو ہیں وہ بند کرکے رکھی گئی ہیں۔ کراچی کے عوام کو جماعت اسلامی پر اعتماد کرکے کبھی مایوسی نہیں ہوئی اور اگر عوام اس مرتبہ بھی جماعت پر اعتماد کریں گے تو ان ہی کا فائدہ ہے۔ شہر کی رونقیں بھی بحال ہوں گی اور ترقی کا سترہ سال سے رُکا ہوا سفربھی بحال ہوگا۔ کراچی کے نام نہاد ٹھیکیداروں ایم کیو ایم نے اس شہر کو صرف لوٹنے کے لیے استعمال کیا اب اپنے جھگڑوں کی وجہ سے پانچ ٹکڑوں میں بٹ چکے ہیں لیکن پھر بھی اپنے وزن سے زیادہ حصہ وصول کرتے ہیں۔ ہر حکومت میں ہوتے ہیں لیکن کراچی کا کوئی مسئلہ حل نہیں کرتے۔ کراچی کی خدمت اور ترقی صرف جماعت اسلامی کرتی ہے۔