حکومت سبسڈی دینے کی پوزیشن میں نہیں ، احسن اقبال

354

اسلام آبا د: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کو منفی سیاست سے اداروں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے،پاکستان نے چار ہزار ارب قرض کی واپسی کرنی ہے اور حکومت اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ سبسڈی دے سکے۔

احسن اقبال نے کہاکہ سابقہ حکومت کے اقدامات اور پالیسیوں کے باعث ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ وزارت خزانہ ترقیاتی بجٹ کی قسط جاری نہیں کرسکتی، اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا کہ وزارت خزانہ نے کہا ہو کہ ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں کہ قسط جاری کر سکیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ جب سابق وزیراعظم عمران خان ہماری حکومت پر تنقید کرتے ہیں تو گویا اپنی حکومت پر تنقید کر رہے ہوتے ہیں، وہ ذرا اپنی حکومت کے کارناموں پرغور کریں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ  آج جب پاکستان آئی ایم ایف کے سامنے بیٹھتا ہے تو عالمی مالیاتی ادارہ کہتا ہے کہ ہم حفیظ شیخ اور شوکت ترین کو نہیں جانتے، ہم حکومت پاکستان کو جانتے ہیں جس کے وزرائے خزانہ نے ہمارے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

 احسن اقبال نے کہا کہ آج پاکستان آئی ایم ایف کے جس معاہدے کے سامنے کھڑا ہے اس میں عمران خان نے لکھ کر دیا ہے کہ وہ تمام سبسڈیز کو ختم کریں گے اور پیٹرولیم منصوعات پر مزید ٹیکس بھی عائد کریں گے۔