بی جے پی کے رکن کے توہین آمیز کلمات پر مجھ سمیت تمام مسلمانوں کو شدید دکھ ہوا ، مریم نواز

570

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بی جے پی کے رکن کی جانب سے توہین آمیز کلمات پر مجھ سمیت تمام مسلمانوں کو شدید دکھ ہوا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایسے بدزبان، احساس سے عاری اور حدوں سے بڑھ جانے والے عبرت کا نشان بنتے ہیں مگر میرے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر بلند تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

مریم نواز نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ سورۃ الکوثر کی آیت بھی شیئر کی ہے جس کا ترجمہ ہے کہ بے شک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا دشمن بے نام و نشان رہے گا!۔

جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحق ڈار نے کہا ہے کہ بھارتی بی جے پی لیڈر کی جانب سے ہمارے پیارے آقا جان حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں اسحق ڈار کا کہنا تھا کہ رسولِ پاک ﷺ کی ذاتِ اقدس نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام عالمین میں بسنے والی مخلوقات کے لئے رحمت اور ایسی غلیظ تنقید سے مبرا ہیں۔ ہماری جان، مال اور اولاد نبی اکرم ﷺ پر قربان!۔