ختم نبوتﷺ سے متعلق مضامین تعلیمی نصاب میں شامل کرنیکی قرارداد منظور

372

بلوچستان اسمبلی نے ختم نبوتﷺ کے عنوان سے مضامین نصاب تعلیم میں شامل کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران جمعیت علما اسلام کے رکن اسمبلی عبدالواحد صدیقی نے ختم نبوتﷺ کے عنوان سے مضامین نصاب تعلیم میں شامل کرنے سے متعلق قرارداد پیش کی۔

عبدالواحد صدیقی نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن و احادیث اور سیرت کی روشنی میں ختم نبوتﷺ مضامین نصاب تعلیم میں شامل کئے جائیں۔بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈووکیٹ نے قرارداد کے حق میں کہا کہ ختم نبوتﷺ کا عقیدہ ہمارے ایمان کا حصہ اور اس کا دفاع ہمارا ایمانی فریضہ ہے۔

حکومتی رکن سردار عبدالرحمان کھیتران نے ایوان سے درخواست کی کہ قرارداد کو مشترکہ قرار دیکر منظور کیا جائے۔ عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ ختم نبوتﷺ سے متعلق مضامین نصاب تعلیم میں شامل کرنے کی مخالفت نہیں کرسکتے تاہم اس کیلئے ہمیں وقت درکار ہوگا۔سید عزیز اللہ آغا نے کہا کہ ختم نبوت ﷺ کو چیلنج کرنیوالے مسلمان نہیں امت مسلمہ کے دشمن ہیں۔ بعد ازاں ایوان نے ختم نبوتﷺ سے متعلق مضامین نصاب تعلیم میں شامل کرنے سے متعلق قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔