کراچی: اورنگی ٹاؤن لوٹ مار کرنے والے ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے

351

کراچی: اورنگی ٹاؤن میں شہری سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکوشہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، نامعلوم افراد نے ملزمان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دو ڈاکو اسپتال میں دوران علاج چل بسے، پولیس کا کہنا ہے کہ تیسرا ڈاکو اسپتال میں زیرعلاج ہے جس کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے نوجوان کو زخمی کردیا، نوجوان کے شور مچانے پر علاقہ مکین جمع ہوئے اور تینوں ڈاکوؤں کو پکڑلیا، تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ سیکٹر ساڑھے گیارہ میں تین ملزمان شہری سے لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران شہری نے مزاحمت کی جس کے نتیجے میں ملزمان نے فائرنگ کر کے نوجوان کو زخمی کر دیا۔

نوجوان کے شور مچانے پر علاقہ مکین جمع ہوگئے اور انھوں نے تینوں ملزمان کو پکڑلیا واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور انتہائی سخت جدوجہد کے بعد تینوں ملزمان کو شہریوں کے چنگل سے نکالا، زخمی نوجوان سمیت تینوں ڈاکوؤں کو طبی امداد کی غرض سے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

زخمی نوجوان بائیس سالہ تحسین ولد جاوید کو ایک گولی پاؤں اور دوسری کمر میں لگی جبکہ ایک ڈاکو عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج چل بسا، کچھ دیر زیر علاج رہنے کے بعد جناح اسپتال میں بھی ایک ڈاکو دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ تیسرا ڈاکو اسپتال میں زیرعلاج ہے جس کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والے ڈاکوؤں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔