امریکا بالادستی کیلیے چین کو بدنام کر رہا ہے ، بیجنگ

283

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے امریکا پرغلط اور جھوٹی معلومات پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے واشنگٹن پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے اس حوالے سے صحافیوں سے بات چیت میں کہاکہ امریکا صرف چین کی ترقی کو روکنا اور اس کو دبانے کے ساتھ اپنی بالادستی کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ وانگ نے امریکی وزیر خارجہ پر منافقت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات بنیادی طور پر غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔ چین کی ترقی سے خائف واشنگٹن حکومت افواہیں پھیلا کر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ اس طرح امریکا دوسرے ممالک کو چین کے خلاف سخت رویہ اختیار کرنے پر آمادہ کر سکتا ہے۔ وانگ وینبن نے کہا کہ ملکی مفادات کو بین الاقوامی قوانین پر ترجیح دینے کی امریکی پالیسی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ بین الاقوامی قوانین میں سے بیشتر امریکی یا پھرچند دوسرے ممالک کی اختراعات ہیں۔ امریکا ہمیشہ اپنے ملکی قوانین کو بین الاقوامی قانون سے بالاتر رکھتا ہے اور جو بین الاقوامی قوانین اس کے حق میں ہوں صرف انہی پر عمل کرتا ہے ورنہ مسترد کر دیتا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چند ماہ کے دوران چین نے پہلے سے زیادہ جارحانہ موقف اختیار کیا ہے اور بحیرہ جنوبی چین کے مصنوعی جزیروں پر اپنی عسکری قوت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی بھی جنوبی بحرالکاہل کے ممالک کے لیے سیکورٹی سے متعلق تجاویز کے ساتھ دورہ کر رہے ہیں ۔