لیاری، گلشن معمار میں بجلی کے مسائل، وزیر توانائی کی زیرصدارت اجلاس

245

کراچی (اسٹاف رپورٹر)لیاری اور گلشن معمار کے علاقوں کے بجلی کے حوالے سے مسائل کے حل کے لیے ایک اجلاس وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی زیر صدارت محکمہ توانائی سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لیاری سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی اور ان کی ٹیم کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں لیاری اور گلشن معمار کے علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ، زائد بلنگ، ٹرانسفارمر نہ ہونے اور دیگر متعلقہ عوامی شکایات کے باعث وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے ہدایات دیں کہ مذکورہ شکایات کا بہرصورت ازالہ کیا جائے اور عوامی تکالیف کا احساس کرتے ہوئے ریلیف کے دیرپا اقدامات عمل میں لائے جائیں اور اس مقصد کے لیے کے الیکٹرک افسران اور علاقے کے نمائندوں کے ساتھ ان علاقوں میں کیمپ لگاکر لوگوں کے مسائل موقع پر سنیں اور حل کیے جانے کا موثر پروگرام جلد از جلد شروع کیا جائے۔اجلاس میں مذکورہ علاقوں میں بجلی کے مسائل کے حل کے لیے مقامی نمائندوں اور کے الیکٹرک افسران کے مابین موثر روابط کے ذریعے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کی تجاویز کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔