پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی سہولت میں توسیع آخری مراحل میں ہے، محمد الجدعان

190

ڈیووس(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب کے وزیرخزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے پاکستان کو دی گئی 3 ارب ڈالر کی سہولت میں توسیع کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈیووس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے دوران غیررسمی ملاقات میں سعودی عرب کے وزیرخزانہ محمد الجدعان نے کہا کہ ہم اس وقت پاکستان کو 3 ارب ڈالر ڈپوزٹ میں توسیع کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔سعودی عرب نے گزشتہ برس پاکستان کے اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کیے تھے تاکہ پاکستان کے قومی ذخائر میں مدد ملے۔سعودی عرب کے وزیرخزانہ نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم یکم مئی کو دونوں ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ وہ ڈپوزٹ میں توسیع کے لیے شرائط یا دوسرے ذرائع کے ذریعے تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔خیال رہے کہ پاکستان کو اس وقت قومی خزانے کے لیے ڈالرز کی اشد ضرورت ہے جبکہ مہنگائی اور خزانے میں کمی دو ماہ کی کم تر سطح پر ہے اور روپے کی قدر مسلسل گر رہی ہے۔محمد الجدعان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک اہم اتحادی ہے اور سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔پاکستان میں گزشتہ ماہ عمران خان کی حکومت گرانے کے بعد نئی حکومت تشکیل پائی لیکن عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پروگرام کی بحالی کے حوالے سے غیریقنی سے ملک کی معیشت اور اسٹاک مارکیٹ پر برا اثر پڑا ہے اور ساتھ سیاسی بحران بھی شدت اختیار کر گیا ہے۔آئی ایم ایف سے پروگرام کی بحالی کے لیے مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہو رہے ہیں جہاں ساتویں جائزہ پر مذاکرات کیے جائیں گے۔