طالبان کا ائرپورٹس کے انتظامات چلانے کیلیے اماراتی کمپنی سے معاہدہ

227

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان اور متحدہ عرب امارات کیدرمیان افغانستان کے 3 انٹرنیشنل ائرپورٹس کے آپریشنز میں تعاون کے لیے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔افغان خبررساں ایجنسی کے مطابق معاہدے کے تحت یواے ای کی کمپنی کابل،ہرات اور قندھار انٹرنیشنل ائرپورٹ کے آپریشنز میں تعاون فراہم کریگی۔رپورٹس کے مطابق افغانستان اور یواے ای کے درمیان ائرپورٹس آپریشنز میں تعاون پر معاہدے کی تقریب منگل کے روز کابل میں ہوئی جس میں افغان نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر بھی شریک تھے۔معاہدے پر افغانستان کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ اور سول ایوی ایشن غلام جیلانی وفا اور یواے ای کمپنی کے نمائندے نے دستخط کیے۔خبررساں ایجنسی کے مطابق ملا عبدالغنی برادر نے معاہدے پر دستخط کے موقع پر کہا کہ امارت اسلامیہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے، اس معاہدے سے تمام بین الاقوامی ائر لائنز محفوظ ماحول میں افغانستان واپس آسکیں گی اور تجارت میں اضافہ ہو گا۔واضح رہے کہ افغان حکام اٗرپورٹ سکیورٹی ،آپریشنز کے حوالے سے ترکی،قطر، یو اے ای کے ساتھ گزشتہ کئی ماہ سے بات چیت جاری رکھے ہوئے تھے۔