قانون کی بالادستی کے بغیر ترقی کی منازل نہیں طے کر سکتے ، جاوید قصوری

443

لاہور (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حکومت کے اشارے پر ایک پرائیویٹ بنک سود سے متعلق شریعت کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی تیاری کر رہا ہے ۔اس سے قبل 1992میں بھی میاں نواز شریف وفاقی شرعی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کر کے گھناونا اور مجرمانہ کردار ادا کر چکے ہیں۔وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی ایما پر اس طرح کا کوئی بھی اقدام اللہ اور اس کے رسولﷺ کے خلاف واضح جنگ کا اعلان ہو گا۔اگر متعلقہ بینک اور حکومت باز نہ آئے تو جماعت اسلامی بھر پور مذمتی تحریک چلائے گی۔ جماعت اسلامی پاکستان کو حقیقی معنوں میں سود سے پاک اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سود ایک لعنت ہے اس لعنت سے ملکی معیشت کو پاک کرنا ہو گا سود نے دینا بھر کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔ ملک میں کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے۔ احتساب کا نظام جب تک آزادانہ طور پر کام نہیں کرے گا۔ اس وقت تک ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتی۔ پوری قوم نے دیکھ لیا ہے کہ کیسے روپے پیسے کا بے دریغ استعمال کرکے ممبران قومی اسمبلی کی خرید و فروخت کی گئی ہے ۔ حکومت اور نام نہاد اپوزیشن میں شامل جماعتیں سب بے نقاب ہو چکی ہیں۔ اسمبلیوں میں غریب اور متوسط خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کا پہنچنا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا، پاکستان کی سلامتی، ترقی وخوشحالی کا رازجمہوریت میں پوشیدہ ہے، آئین وقانون کی بالادستی کے بغیرہم بحیثیت قوم کبھی ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتے ۔ آج پاکستان سابق حکومتوں اور موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ ملک میں جمہوری استحکام کے لیے انتخابی اصلاحات ناگزیر ہوچکی ہیں۔ عدم برداشت کا سلسلہ بند اور ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے۔ پاکستان کو آگے لے کر چلنے کے لیے جمہوریت کو تقویت ملنی چاہیے۔