بدین:بچے سے زیادتی کی کوشش ،ملوث ملزم کی عدم گرفتاری پر تیسرے روز بھی مظاہرہ

295

بدین(نمائندہ جسارت)بچے سے زیادتی کی کوشش میں ملوث ملزم کی عدم گرفتاری کے خلاف بچے کے رشتے داروں اور شہریوں کا تیسرے روز بھی قاضیہ نہر پل پر مظاہرہ اور دھرنا ملزم کو گرفتار کرنے کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق پنجم جماعت کے شاگرد اور یتیم بچے علی حسنین سومرو کے ساتھ زیادتی کی کوشش میں ملوث ملزم میر لکھا ڈنو کی عدم گرفتاری کے خلاف بچے کے رشتے داروں اور شہریوں نے شہر کے وسط سے گزرنے والی نہر کے پل پر مظاہرہ کیا اور واقعے کے خلاف ایڈوکیٹ دانش نور عبدالمجید سومرو، بابو سومرو، عبدالعزیز سومرو، نور سومرو، حنیف سومرو کی قیادت میں دھرنا دیا اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ نامزد ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے، پولیس سٹی انچارج سالم کھوسہ نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے ،موقع پر پولیس سٹی انچارج اور احتجاجی شرکاء میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔ شرکاء نے ملزم کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا جبکہ رکن صوبائی اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح نے موقع پر پہنچ کر ملزم کی فوری گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کر دیا۔