سکھر: ارسا کا صوبوں کو پانی احتیاط سے استعمال کرنے کا مشورہ

371

سکھر (نمائندہ جسارت) دریائے سندھ میں پانی کی صورتحال میں بہتری آنے لگی ،ارسا نے 10سے 12 دن میں قلت کا خدشہ ظاہر کردیا، صوبوں کو احتیاط سے پانی کے استعمال ہونے کا مشورہ، دریائے سندھ میں گزشتہ 3 سے 4 روز کے دوران پانی کی صورتحال بہتری کی طرف گامزن ہے لیکن اس کے باوجود دریائے سندھ میں پانی کی مجموعی طور پر 53 فیصد کمی برقرار ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گڈو اور سکھر بیراجوں پرپانی کی سطح میں کئی ہزار کیوسک کا اضافہ ہواہے گڈو بیراج پر پانی کی آمد 59260 کیوسک اور اخراج 54448 کیوسک ،سکھر بیراج پرپانی کی آمد 44031 اور اخراج 16511 کیوسک ،کوٹری بیراج پرپانی کی آمد 5630 کیوسک اور اخراج 100 کیوسک ریکارڈ کیاگیا دریائے سندھ میں ابھی پانی کی صورتحال میں بہتری آنا ہی شروع ہوئی ہے کہ ارسا کی جانب سے ایک بار پھر پانی کی شدید قلت کی وارننگ جاری کردی گئی ہے ارسا کی جانب سے صوبوں کو خط لکھ کر پانی احتیاط سے استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور خط میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے تربیلا ڈیم 24 سے 48 گھنٹوں میں ڈیڈ لیول تک پہنچ جائے گا جس کی وجہ سے پانی کا بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر جائے گا۔