باڈہ: بجلی کا ٹرانسفارمر نہ ہونے سے محلے کے مکین سڑکوں پر نکل آئے

400

باڈہ (نمائندہ جسارت) شہر کے وارڈ نمبر 4 میں بجلی کا ٹرانسفارمر نہ ہونے کی وجہ سے محلے کے مکین سڑکوں پر نکل آئے۔ منتخب نمائندوں اور سیپکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر رفیق نوناری، قربان نوناری،سارنگ نوناری، زاہد، ساجد، عمران، خدا بخش موریو، خمیسو مغیری اور دیگر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نوناری محلے سمیت مختلف محلوں کے باشندے اس شدید گرمی میں عذاب والی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیپکو ملازمین نے کئی روز سے ٹرانسفارمر مرمت کے بہانے اُتارا ہے لیکن آج تک ٹرانسفارمر واپس نہیں آیا جس کی وجہ سے پورا علاقہ اندھیرے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ٹرانسفارمر مرمت کے بہانے مکینوں سے ہزاروں روپے لیے جاتے ہیں اور ٹرانسفارمر کو اچھے سے مرمت کرنے کے بجائے جگاڑ لگایا جاتا ہے اور جگاڑ لگایا ہوا ٹرانسفارمر ایک ماہ بھی نہیں چلتا اور دوبارہ خراب ہوجاتا ہے۔ کئی مرتبہ ٹرانسفارمر کے جلنے سے غریب کسان آپس میں مل بانٹ کر پئسے اکٹھے کرتے ہیں علاقے کے منتخب نمائندوں نے آج تک مدد نہیں کی جس کی وجہ سے علاقے مکینوں میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوناری محلے سمیت وارڈ نمبر 4 کے مختلف محلوں کے باشندوں نے اپنے ووٹ اس بار اس پارٹی کو دینے کا ارادہ کیا ہے جو ہمیں الیکشن سے پہلے نیا ٹرانسفارمر دیں گے نہیں تو ہم بلدیاتی الیکشن میں ووٹ کا بائیکاٹ کریں گے۔