میرپورخاص: بندریلوے پھاٹک عبور کرنے والوں کیخلاف پولیس حرکت میں آگئی

221

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)ریواچند گارڈن کے قریب ریلوے پھاٹک کو ٹرین کی آمد سے قبل بند کردیا جاتاہے اور شہری ریلوے انڈر پاس کو استعمال کرنے کے بجائے بند ریلوے پھاٹک کے نیچے سے اپنی موٹر سائیکلیں غیر قانونی طور پر گزارتے ہیں جس کے خلاف ریلوے پولیس حرکت میں آگئی اور بند ریلوے پھاٹک کے نیچے سے موٹر سائیکل نکالنے والے میرواہ گورچانی کے رہائشی ڈاہلوٹھاکر کو گرفتار کرکے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ اس کی موٹر سائیکل کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او ریلوے پولیس اسٹیشن محمد ضمیر صدیقی نے بتایا کہ ریلوے پھاٹک پر لگے نوٹس بورڈ پر واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ پھاٹک بند ہونے پر نیچے سے اسے کراس نہ کریں جس کی سزا کا بھی قانون موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میرپورخاص کے دیگر رہائشی علاقوں میں ایسے مقامات موجود ہیں جہاں ریلوے پھاٹک تو نہیں ہے لیکن وہاں کے رہائشی اپنی موٹر سائیکلیں ریلوے لائن کے اوپر سے گزارتے ہیں ان کے خلاف بھی کاروائی کا آغا زکیا جارہا ہے تاکہ ریلوے لائنوں پر ہونے والے حادثات پر قابو پایا جاسکے اور رواں برس اب تک 5 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔