چھینے گئے موبائل آئی ایم ای آئی بدل کر دوبارہ فروخت کیے جانے کا انکشاف

337

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں چوری اور چھینے گئے موبائل آئی ایم ای آئی بدل کر دوبارہ فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سافٹ ویئر ایکسپرٹ کو گرفتار کرلیا،پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم عامرکے قبضے سے چھینے ہوئے موبائل فون برآمد ہوئے ہیں ،پولیس کے مطابق ملزم سے آئی ایم ای آئی بدلنے والے سافٹ ویئر اور دو لیپ ٹاپ برآمد کرلیے گئے ہیں، ملزم کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں ،واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ شہر میں موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں کمی واقع ہوئی، مارچ میں تمام ڈسٹرکٹس سے 2 ہزار 416 موبائل فون چھینے گئے جبکہ اپریل میں یہ تعداد 2 ہزار 118 رہی ،پولیس کا رپورٹ میں کہنا تھا کہ مارچ میں 206 جبکہ اپریل میں 183 کاریں چوری ہوئیں، مارچ میں 408 اور اپریل میں 346 موٹر سائیکلیں چھینی گئی ،مجموعی طور پر مارچ میں 7 ہزار 316 شہریوں سے چھینا جھپٹی ہوئی جبکہ اپریل میں لٹنے والے شہریوں کی تعداد 6 ہزار 628 رہی۔